حیدرآباد میں ریسٹورنٹ سے مبینہ مضر صحت چپس کھانے سے ایک بچہ جاں بحق ہوگیا، بہن تشویشناک حالت میں ہسپتال میں زیرعلاج ہے۔
حیدرآباد کے علاقے چاندنی سینٹر سے سرکاری افسر عبدالستار کے بچوں نے ایک فوڈ پوائنٹ سے چپس لے کر کھائے جس کے نتیجے میں 4 سالہ بچہ ہمایوں عمر جاں بحق ہوگیا جبکہ اس کی بہن علیزہ کی حالت خراب ہوگئی جو تاحال ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
واقعے کے بعد پولیس اور ضلعی انتظامیہ حرکت میں آئی اور فوڈ پوائنٹس سے کھانے کے نمونے حاصل کر کے لیبارٹری بھیج دیئے۔ فوڈ سینٹر کو بھی سیل کر دیا گیا جبکہ پولیس نے پوچھ گچھ کے لیے تین ملازمین کو حراست میں لے لیا۔ واقعہ کا تاحال مقدمہ درج نہ کیا جاسکا۔
دوسرا واقعہ قصور میں اسٹیل باغ کے قریب پیش آیا جہاں رجب، عاطف، شبیر، طارق اور عبد الجبار ایک ہوٹل میں کھانا کھانے آئے، اس دوران کھانے سے چھپکلی نکل آئی جسے دیکھ کر پانچوں کی حالت بگڑ گئی، متاثرہ افراد کو فوری طور پر ڈسٹرکٹ ہسپتال قصور منتقل کیا گیا۔ اہل علاقہ نے واقعہ کی شکایت پولیس اور پنجاب فوڈ اتھارٹی کو دی، پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ہوٹل پر چھاپہ مارا اور اسے سیل کر دیا۔
صدمے سے ہوٹل مالک شوکت کو ہارٹ اٹیک ہو گیا، جسے ہسپتال منتقل کیا گیا لیکن وہ دم توڑ گیا۔