کراچی: پیپلزپارٹی نے میئر اور ڈپٹی میئر کراچی کے لیے امیدواروں کے نام فائنل کرلیے۔
پاک الرٹز نیوز کے مطابق پیپلزپارٹی کی جانب سے مرتضیٰ وہاب میئر کراچی اور سلمان مراد ڈپٹی میئر کے امیدوار ہوں گے۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے میئر کراچی، حیدرآباد سمیت دیگر امیدواروں کے ناموں کی منظوری بھی دے دی ہے۔
پیپلزپارٹی سندھ کے صدر نثار کھوڑو آج تمام بلدیاتی کونسلز کے میئر، ڈپٹی میئر، ضلع چیئرمین امیدواروں کا اعلان کریں گے۔
واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے کراچی کے میئر کیلئے جماعت اسلامی کے امیدوار حافظ نعیم الرحمان کی حمایت کا اعلان کیا ہے اور جماعت اسلامی کا کہنا ہے کہ میئر کے لیے مطلوبہ تعداد سے زیادہ ارکان کی حمایت حاصل ہوچکی ہے۔
یاد رہے الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے، جس کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 15 جون کو ہوگا جب کہ کاغذات نامزدگی 9 سے 10 جون تک جمع کرائے جاسکیں گے۔
شیڈول میں کہا گیا تھا کہ ریٹرننگ افسر 11 جون کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کریں گے اور امیدواروں کی حتمی فہرست 14 جون کو جاری کی جائے گی۔
ای سی پی کا کہنا تھا کہ 16 جون کو ریٹرننگ افسران نتائج کا اعلان کریں گے جب کہ کامیاب امیدوار 19 جون کو حلف اٹھائیں گے۔