سندھ کا 2100 ارب روپے کا بجٹ آج پیش کیا جائے گا، سندھ کے ترقیاتی بجٹ کیلئے 410 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے۔
ذرائع کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ صوبے کا بجٹ ایوان میں پیش کریں گے،وفاقی پی ایس ڈی پی میں صوبے کے لیے 12ارب روپے سے زائد کا تخمینہ لگایا گیا، غیر ملکی فنڈنگ سے چلنے والے منصوبوں کا بجٹ تخمینہ 266 ارب روپے سے زائد کی تجویز ہے۔
نئی اور جاری ترقیاتی اسکیموں کے لئے 380 ارب روپے سے زائد مختص کرنے کی تجویز ہے، 7193 نئی اسکیمز کے لیے آئندہ مالی سال میں 88 ارب روپے مختص کرنیکی تجویز ہے۔
سندھ میں 3311 جاری اسکیمز کے لیے291 ارب روپے مختص کرنے کی تجویز ہے، صوبے میں رواں مالی سال میں 1772اسکیمز مکمل کی جائیں گی۔
صوبے میں نئے بجٹ میں بلدیاتی کونسلز کی گرانٹ میں اضافے کی تجویز ہے، صوبے کے بجٹ میں سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 30فیصد جبکہ پینشن میں 17 فیصد اضافہ متوقع ہے،آئندہ مالی سال کے بجٹ میں مزدور کی کم ازکم اجرت میں بھی اضافے کی تجویز ہے۔