قومی ادارہ برائے صحت اسلام آباد کے نیشنل کینسر رجسٹری نے سرطان کےکیسزکی پہلی جائزہ رپورٹ جاری کردی۔
رپورٹ کے مطابق مردوں میں سب سے زیادہ منہ، جگر، بڑی آنت، پھیپھڑوں اور پروسٹیٹ کا کینسر عام ہے جب کہ خواتین میں سب سے زیادہ چھاتی، اووری، منہ، سروسز اور پھربڑی آنت کینسر عام ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ بچوں میں خون کا کینسر اور نو عمروں میں ہڈیوں کا کینسر عام ہے،۔
رپورٹ کے مطابق کینسر کے کیسز میں 53.61 خواتین اور 46.7 فیصد مردوں کی تعداد ریکارڈ کی گئی ہے۔
رپورٹ میں مزید بتایا گیا ہےکہ پنجاب میں 45.13، سندھ 26.83، کے پی 16.46 اور بلوچستان میں 3.52 فیصد کینسر کے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان میں دوسرے نمبر پر منہ، تیسرے پر بڑی آنت، چوتھے پر جگر اور پانچویں پر پھپھیڑوں کا کینسر پایا گیا، پاکستان میں ہر چار افراد میں سے 3 افراد منہ کے کینسر کا شکار ہیں، سندھ، کے پی کے اور بلوچستان میں زیادہ نسوار کا استعمال منہ کے کینسر کا سبب بنتا ہے۔
رپورٹ کے مطابق 2019 سے 2015 تک 2 لاکھ 69 ہزار 202 کینسر کے کیسز کا جائزہ لیا گیا جس میں بتایا گیا ہےکہ غذا میں نمایاں تبدیلی سے کینسر میں اضافہ ہونے لگا ہے، پاکستان میں نوجوانوں میں بڑی آنت کے کینسر کے کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں اور بڑی آنت کے کینسر کی اصل وجہ فاسٹ فوڈ کا زیادہ استعمال ہے۔