چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، سیشن جج نے خواجہ حارث کو آج عدالت پیش ہونے کی ہدایات جاری کر رکھی ہیں۔
ایڈیشنل سیشن عدالت میں توشہ خانہ کیس کی سماعت آج پھر ہوگی۔ گزشتہ روز عدالت نے چیئرمین پی ٹی آئی کی جمعہ کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کرتے ہوئے سماعت آج ہفتہ تک ملتوی کر دی تھی۔
وکیل بیرسٹر گوہر نے عدالت کو بتایا تھا کہ اس کیس میں سینئر کونسل خواجہ حارث ہیں۔ سیشن جج نے ہفتے کو خواجہ حارث کو عدالت پیش ہونے کی دوبارہ ہدایات جاری کی۔
واضح رہے کہ توشہ خانہ فوجداری کیس میں جمعرات کو بھی عمران خان عدالت میں پیش نہیں ہوئے تھے جس پر کورٹ نے انہیں جمعہ کو ذاتی حیثیت میں طلب کیا لیکن چیئرمین پی ٹی آئی پیش نہیں ہوئے بلکہ انھوں نے ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کی تھی جسے عدالت نے منظور کیا۔
گزشتہ روز توشہ خانہ کیس کی سماعت ایڈیشنل سیشن جج ہمایوں دلاور نے کی تھی، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل بیرسٹرگوہر اور الیکشن کمیشن کے وکیل امجد پرویز عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
وکیل بیرسٹر گوہرنے عدالت سے استدعا کی کہ وکیل خواجہ حارث مصروف ہیں سماعت ملتوی کی جائے جس پر امجد پرویز ایڈوکیٹ نے مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ اس کیس میں چار وکیل ہیں، یہ صرف ٹائم ضائع کررہے ہیں۔
امجد پرویز ایڈوکیٹ نے کہا تھا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء تاخیری حربے استعمال کررہے، وکلاء کی نیت ہی دلائل دینے کی نہیں، خواجہ حارث کی کوئی عدالتی مصروفیات نہیں۔
دوسری جانب چئیرمین پی ٹی آئی نے توشہ خانہ ٹرائل کورٹ منتقل کرنے کا فیصلہ سپریم کورٹ میں چیلنج کر رکھا ہے ، عدالت عظمیٰ نے درخواست سماعت کے لئے مقرر کی تھی۔