پنجاب کے میدانی علاقوں میں آج بھی شدید دھند کا راج ہے جب کہ ملک کے بیشتر علاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا۔
پنجاب کے میدانی علاقوں میں شدید دھند کے باعث ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہے جب کہ شہریوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
موٹروے ترجمان کے مطابق موٹروے ایم ٹوکوٹ مومن سے فیصل آباد، گوجرہ اور لاہور تک دھند کی وجہ سے بند ہے جب کہ پنڈی بھٹیاں، فیصل آباد اور گوجرہ موٹروے بھی دھند کی وجہ سے بند رہی۔
ملتان خانیوال موٹروے کو بھی دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا تھا۔
لودھراں میں شدید دھند کے سبب عباس پور کے قریب ٹریفک حادثے میں چھ افراد زخمی ہوگئے۔ حادثہ ٹریلر اور مسافر وین سمیت چھ گاڑیوں کے ٹکرانے کے باعث پیش آیا۔
محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں جمعرات کو موسم سرد اور خشک رہے گا۔
گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی ڈویژن، اسلام آباد، کشمیر سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش ہوئی جب کہ گلگت بلتستان کے پہاڑوں پر برفباری ہوئی۔
سب سے زیادہ بارش بالاکوٹ 15 ڈگری سینٹی گریڈ، مری 13، راولاکوٹ 12، مظفر آباد 10، اسلام آباد 07، کاکول 08، کالام، مالم جبہ، پاراچنا 03 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
گزشتہ روز سب سے زیادہ سردی اسکردو منفی 08، گوپس منفی 07، استور، بگروٹ، کالام منفی 04، مالم جبہ، قلات میں منفی 03 اور پاراچنار، مری، راولاکوٹ، کوئٹہ، دیر میں منفی دو ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔