چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس کی سماعت آج پھر ہوگی، عدالت نے دونوں گواہوں کو آج طلب کر رکھا ہے۔
اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج نے گزشتہ روز چیئرمین پی ٹی آئی کی ایک دن کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی تھی۔
گزشتہ روز دورانِ سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن، چیئرمین پی ٹی آئی کے وکلاء شیر افضل مروت اور خواجہ حارث عدالت میں پیش ہوئے تھے۔
دوران سماعت الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن اور چیئرمین پی ٹی آئی کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیے تھے۔
الیکشن کمیشن کے وکیل سعد حسن نے گزشتہ روز اپنے دلائل میں کہا تھا کہ کوئی نئی دستاویزات میں کورٹ میں جمع نہیں کروا رہا بلکہ عدالت میں جمع دستاویزات پر دلائل دے رہا ہوں۔
انھوں نے کہا کہ بینک الفلاح میں اکاؤنٹ چیرمین پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کے نام سے ہے، عمران خان کے مطابق انہوں نے بینک میں توشہ خانہ کی رقم منتقل کی، جو دستاویزات جمع کروائے وہ فرد جرم عائد کرنے سے قبل عدالت نے چیرمین پی ٹی آئی کو دے دیے تھے۔