اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا کہنا ہے کہ چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کو سزا الیکشن سے پہلے ہوگی یا بعد میں معلوم نہیں۔
صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو سزا یا نااہلی سے متعلق کچھ کہنا قبل ازوقت ہے، 9 مئی واقعات میں جو ملوث نہیں ان کے خلاف کارروائی نہیں ہونی چاہیے۔
عام انتخابات سے متعلق رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مردم شماری کو دوبارہ کرانے کیلیے سب کو متفق ہونا ہوگا، پی ڈی ایم کی تمام جماعتیں اپنے اپنے پلیٹ فارم سے الیکشن لڑیں گی، کسی سیاسی جماعت کے ساتھ انتخابی اتحاد نہیں کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری پنجاب میں قومی اسمبلی کی 100 اور صوبائی اسمبلی کی 200 سیٹیں پکی ہیں، نواز شریف کی واپسی کا باقاعدہ اعلان ہوگا ابھی حتمی تاریخ نہیں ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایڈیشنل سیشن جج پر جو الزامات لگے وہی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے ججز پر بھی ہیں، اس کا فیصلہ جوڈیشری نے کرنا ہے، 190 ملین پاؤنڈ واپس لینے کیلیے سپریم کورٹ سے رجوع کرنا ہوگا، موجودہ حالات میں امید نہیں کہ ہماری اپیل منظور ہوگی۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشتگردی کی کارروائیوں میں افغان سرزمین کا استعمال ہوتا ہے، افغان حکومت روکنا نہیں چاہتی یا صلاحیت نہیں یہ سوال اپنی جگہ ہے۔
لاپتا صحافی عمران ریاض کے بارے میں انہوں نے کہا کہ عمران ریاض کہاں پر ہے اللہ بہتر جانتا ہے، اس کی فیملی نے ہمارے ساتھ رابطہ نہیں کیا، فیملی رابطہ کرے تو مدد کیلیے تیار ہیں۔