قومی کرکٹ ٹیم کے بلے باز سعود شکیل نے گزشتہ روز سری لنکا کے خلاف ڈبل سنچری اسکور کرکے بڑے ناموں کو پیچھے چھوڑ دیا۔
سری لنکا میں جاری گال ٹیسٹ میں پاکستان کی جانب سے ڈبل سنچری اسکور کرنے والے سعود شکیل نے لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ لائن اپ کو سنبھال لیا۔ پاکستان کو چوتھے دن کے آغاز پر 88 رنز کی برتری حاصل ہے جبکہ سری لنکا کی بیٹنگ جاری ہے۔
سعود شکیل نے ڈبل سنچری اسکور کرکے منفرد اعزاز اپنے نام کرلیا جو اس سے پہلے کسی پاکستانی کرکٹر نے سری لنکا میں حاصل نہیں کیا۔ سعود شکیل نے 208 رنز بنا کر سابق کرکٹر محمد حفیظ کو پیچھے چھوڑ دیا۔ جس کے بعد سعود شکیل سری لنکا میں ڈبل سنچری کرنے والے پہلے پاکستانی بن گئے۔
اسی کے ساتھ ساتھ سعود شکیل کیریئر کی ابتدائی 11 ٹیسٹ اننگز میں سب سے زیادہ رنز بنانے والے پاکستانی بھی بن گئے۔ سعود شکیل نے سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ میں ڈبل سنچری بنا کر سابق کرکٹر جاوید میانداد اور عبداللّٰہ شفیق کو پیچھے چھوڑ دیا۔
جاوید میانداد نے کیریئر کی ابتدائی 11 اننگز میں 654 رنز بنائے تھے جبکہ عبداللّٰہ شفیق نے ابتدائی 11 اننگز میں 720 رنز بنائے تھے۔
خیال رہے کہ سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ میچ کے تیسرے روز سعود شکیل نے 352 گیندوں پر 19 چوکوں کی مدد سے اپنی کیریئر کی پہلی ڈبل سنچری اسکور کی۔