لاہور : صوبائی دارلحکومت لاہور اور گردونواح میں موسلادھار بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں جبکہ گھروں اوردکانوں میں پانی داخل ہوگیا ہے۔
لاہور سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلادھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آگئے، جوہر ٹاون ، گلبرگ ، غازی روڈ ، لکشمی چوک اور تاج پورہ میں تیز بارش ہوئی ہے۔
گلشن راوی میں سب سے زیادہ ایک سوتہتر اور جوہرٹاؤن میں ایک سوچھپن ، نشتر ٹاؤن میں ایک سو اکیاون ،اقبال ٹاؤن میں ایک سو چھ ،جوہر ٹاون میں ایک سو چھپن اور قرطبہ چوک میں ایک سو چھبیس میں ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔
جیل روڈ 83 ،ایئرپورٹ 84 ملی میٹر، گلبرگ 87ملی میٹر، لکشمی چوک 152، اپر مال 95، مغلپورہ 91، تاجپورہ 128ملی میٹر، نشتر ٹاؤن میں 151، چوک ناخدا میں 64 ملی میٹر بارش ہوئی۔
سرائےعالمگیراور گرد و نواح میں بارش کے باعث سڑکیں اور گلیاں تالاب بن گئیں جبکہ تیز بارش سے ندی نالوں میں طغیانی ہے اور بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے جبکہ غازی آبادمیں پانی گھروں اوردکانوں میں داخل ہوگیا ہے۔
لاہورمیں موسلادھاربارش سے بیشتر شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہے ، جس سے ٹریفک کی روانی متاثر ہے ، شاہدرہ، ٹمبر مارکیٹ، لاری اڈا، سبزی منڈی، شاہدرہ فرخ آباد ، جین مندر چوک، چوبرجی، ٹولٹن مارکیٹ، جیل روڈ، مزنگ چوک ، نیپئر چوک، قرطبہ چوک، اچھرہ، والٹن روڈ، لارنس روڈ پر بارش کا پانی جمع ہیں، جس کے باعث متعدد موٹرسائیکلیں اور گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔