محکمہ موسمیات نے جمعہ کے روز بالائی علاقوں سمیت پنجاب میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کی پیشگوئی کی ہے جب کہ بالائی سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں جمعہ کی صبح گھنے بادل چھائے رہے جس کے سبب سردی کی شدت میں اضافہ ہوا اور درجہ حرارت بھی8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
پنجاب کے اضلاع سرگودھا، فیصل آباد اور گوجرانوالہ ڈویژن میں چند مقامات پر بارش کا امکان ہے۔ کہروڑ پکا اور گردو نواح میں شدید دھند کے سبب حد نگاہ صفر ہو گئی ہے۔
بہاولپور بائی پاس سے لودھراں تک دھند کے سبب حد نگاہ صفر سے دس میٹررہ گئی ہے۔ پشاور سے رشاکئی تک اور کوٹ مومن سے کالا شاہ کاکو تک بھی دھند کے باعث موٹروے بند ہے۔
لاہورمیں بھی ہلکے بادلوں کے ڈیرے ہیں اور صبح کے وقت سردی کی شدت میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش کی پیش گوئی کی ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں جمعہ کے روز مطلع صاف رہے گا تاہم کوئٹہ اور ژوب میں بارش کا امکان ہے۔ زیارت اور کوئٹہ میں سب سے زیادہ سردی پڑنے کا اندیشہ ہے جہاں کا درجہ حرارت منفی 3 تک گر سکتا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی سندھ میں بھی چند مقامات پر دھند پڑنے کا امکان ہے جس سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگا۔
گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے اکثر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا۔ سب سے زیادہ سردی سکر دو میں پڑی جہاں کا درجہ حرارت منفی 11 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
سکردو منفی10، گوپس، استورمنفی07، بگروٹ منفی06، مالم جبہ، راولاکوٹ، ہنزہ منفی04، دیر منفی03، چترال، پاراچنار، گلگت منفی02، کاکول، قلات منفی01 ڈگری سینٹی گریڈریکارڈ کیا گیا۔