پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں چین کے نائب وزیر اعظم نے شرکت کی۔ وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ سی پیک کے تحت مختلف منصوبوں پر25 ارب کی سرمایہ کاری ہوگی۔
اسلام آباد میں پاکستان اور چین کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی پُروقار تقریب منعقد ہوئی۔
وزیراعظم شہباز شریف اور چینی نائب وزیراعظم ، وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری اور احسن اقبال سمیت دیگر افراد تقریب میں شریک تھے۔
وزیراعظم شہبازشریف نے تقریب سے خطاب میں چین کے نائب وزیر اعظم کے دورہ پاکستان پر انھیں خوش آمدید کہا۔ انھوں نے کہا کہ سی پیک پر10سال قبل دستخط ہوئے تھے، سی پیک کےتحت مختلف منصوبوں پر25ارب کی سرمایہ کاری ہوگی۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ سی پیک کا آغاز نوازشریف دورمیں ہوا تھا، سی پیک سےدونوں ملکوں کے عوام کا رشتہ مضبوط ہوا۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ایم ایل ون بہت اہم منصوبہ ہے، کراچی سرکلرریلوے بھی اہمیت کاحامل منصوبہ ہے۔
اس سے قبل تین روزہ دورہ پاکستان پر موجود چینی نائب وزیراعظم ہی لائفنگ وزیراعظم ہاؤس پہنچے جہاں وزیراعظم شہباز شریف نے معزز مہمان کا استقبال کیا۔
چینی نائب وزیراعظم سے کابینہ اراکین کا تعارف کروایا گیا۔
بلاول بھٹو، رانا ثنا اللہ، اسحاق ڈار، نوید قمر، احسن اقبال، خواجہ سعد رفیق، مریم اورنگزیب اور حنا ربانی کھرکا نائب وزیر اعظم سے تعارف کرایا گیا۔
چین کے نائب وزیراعظم ہی لائفینگ کے ہمراہ چین کا اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے۔
چینی نائب وزیر اعظم کی پاکستان آمد پر وفاقی وزراء احسن اقبال، رانا ثنااللہ اور طارق فاطمی نے استقبال کیا تھا۔