اسلام آباد : توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل دائر کردی گئی، جس میں استدعا کی گئی کہ ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے، کالعدم قرار دیا جائے۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ میں توشہ خانہ کیس میں چیئرمین پی ٹی آئی کی سزا کیخلاف اپیل دائر کردی گئی۔
چیئرمین پی ٹی آئی کی طرف سے وکیل خواجہ حارث اور بیرسٹر گوہر نے اپیلیں دائر کیں، جس میں استدعا کی گئی کہ توشہ خانہ کیس میں ٹرائل کورٹ کا فیصلہ خلاف قانون ہے ،کالعدم قرار دیا جائے۔
درخواست میں یہ بھی استدعا کی گئی کہ اپیل پر فیصلے تک سزا معطل کرکے چیئرمین پی ٹی آئی کی رہائی کا حکم جاری کیا جائے۔
یاد رہے ہفتے کو توشہ خانہ کیس میں تین سال قید کی سزا کے بعد چیئرمین پی ٹی آئی کو گرفتار کرلیا گیا تھا، جس کے بعد انھیں اٹک جیل منتقل کیا گیا۔
واضح رہے توشہ خانہ فوجداری کیس میں اسلام آباد کی سیشن عدالت کے جج ہمایوں دلاور نے چیئرمین پی ٹی آئی کو بے ایمانی اور بد عنوانی کا مرتکب قرار دیا، اور انھیں تین سال کی قید اور لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی، جب کہ پانچ سال کے لیے نا اہل بھی قرار دیا۔