توشہ خانہ تحائف کو الیکشن کمیشن کے کاغذات میں ظاہر نہ کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کیلئے درخواست لاہور ہائیکورٹ میں دائر کر دی گئی۔
لاہور کے ایڈووکیٹ ندیم سرور نے لاہور ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی ہے جس میں توشہ خانہ تحائف کو الیکشن کمیشن کے کاغذات میں ظاہر نہ کرنے والوں کیخلاف قانونی کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔
درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ توشہ خانہ تحائف کو الیکشن کمیشن کے کاغذات میں ظاہر نہ کرنے کے معاملے میں الیکشن کمیشن نے جانبداری کا مظاہرہ کیا، صرف ایک شخصیت کیخلاف کارروائی کی گئی.
درخواست میں مؤقف پیش کرتے ہوئے استدعا کی گئی ہے کہ الیکشن کمیشن نے توشہ خانہ کیس میں پسند اور ناپسند کو ملحوظ خاطر رکھا، تحائف لینے اور ظاہر نہ کرنے والے اراکین اسمبلی کیخلاف یکساں کارروائی ہونی چاہیے۔
درخواست گزار نے استدعا کی ہے کہ عدالت الیکشن کمیشن کو توشہ خانہ کے تحائف ظاہر نہ کرنے والے ممبران اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے۔