امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے اعلان کیا ہے کہ جماعت اسلامی آیندہ انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کرے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں سراج الحق نے کہا کہ گزشتہ 5برس ملک کی تاریخ کا بدترین دور رہا قوم نااہل حکمران جماعتوں کے اعمال کا خمیازہ عشروں تک بھگتے گی اسمبلیوں کےخاتمے پر عوام کےکندھوں سے بوجھ ہلکا ہوا ہے۔
انہوں نے کہا کہ شہبازشریف تقریر میں کہتے ہیں کہ باربار حکومت کے باوجود ایک دفعہ پھر ہمیں موقع دے دیں البتہ وہ یہ بتانے میں ناکام رہتے ہیں کہ 15 مہینوں میں کیا کارنامہ انجام دیا؟ ان کے زمانے میں بجلی، گیس، پٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوا، عدالتوں نیب کی اصلاح نہیں کی، تعلیمی اداروں ہسپتال میں بہتری نہیں آئی، پٹوار خانے کو ٹھیک نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ 15 مہینوں میں صرف آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر عملدرآمد کیا ان کے حکم پر ایک دن میں درجنوں بل پاس کروائے۔
سراج الحق نے کہا کہ نگراں حکومت مقررہ آئینی مدت میں شفاف الیکشن کا انعقاد کرے عوام سے اپنے نمائندے چننےکا حق چھینا گیا تو مزاحمت کریں گے کرپشن فری اسلامی فلاحی پاکستان منشور کے تحت انتخابات میں جائیں گے عوام آزمائی ہوئی پارٹیوں کی بجائے جماعت اسلامی سے تعاون کرے۔