کراچی: میئرکراچی مرتضیٰ وہاب نے گٹر کے ڈھکن بنانے کی فیکٹری کا افتتاح کردیا۔
افتتاحی تقریب سے خطاب میں میئر کراچی نے کہا کہ واٹر بورڈ کارپوریشن نے اپنا پلانٹ لگایا ہے جس کے تحت مارکیٹ سے سستے داموں میں گٹر کے ڈھکن بنائے جارہے ہیں، اس پلانٹ کے ذریعے 3500 ڈھکنے اب تک تیار کر چکے ہیں جو بلدیاتی نمائندوں کو فراہم کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی نہیں چاہے گی کہ گٹر کے ڈھکن خود غائب کردیں، یہ بدقسمت روایت بن گئی ہے کہیں شرارت اور کہیں چوری ہورہی ہے۔
میئرکراچی کا کہنا تھا کہ ڈھکن خریدنے کا سلسلہ لمباچوڑا ہے، آج آپ کو ڈھکن چاہئیں تو ٹینڈر کے بعد وقت لگتا ہے، ماضی میں اپنے پلانٹس تھے جو بہت بہتر اور سستا کام کرتے تھے تاہم واٹر کارپوریشن نے فیصلہ کیا کہ ڈھکن اور سلیب خود بنائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ 18 اگست کو وعدے کی تکمیل کرتے ہوئے واٹر بورڈ نے اپنا پلانٹ شروع کیا جس کے تحت یومیہ 400 ڈھکن بناکر بلدیاتی نمائندوں کو فراہم کیے جائیں گے جو ڈھکن مارکیٹ میں 3500 کا ملتا ہے وہ واٹر بورڈ کے پلانٹ سے 2700 میں بنے گا جب کہ مارکیٹ سے ملنے والے ڈھکن 12 کلو کے ہوتےہیں اور ان میں لوہا کم ہوتا ہے، واٹر بورڈ کے یہ ڈھکن 37 کلو کے ہیں۔