اسلام آباد: صدر مملکت عارف علوی نے قومی اقتصادی کونسل کی تشکیل کی منظوری دے دی جس کے چیئرمین وزیر اعظم پاکستان ہوں گے۔
صدر مملکت نے ای سی سی تشکیل کی منظوری آرٹیکل 156 ایک اور رولز آف بزنس کے تحت دی۔ قومی اقتصادی کونسل کے کُل 13 ممبران ہیں۔
کونسل میں وزیر اعظم اور چاروں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ شامل ہیں جبکہ چار صوبوں سے نگراں حکومتوں کے نمائندے بھی حصہ ہوں گے۔
پنجاب سے نگراں وزیر توانائی، کامرس، سرمایہ کاری اور ہنر مندی ایس ایم تنویر کونسل میں شامل ہیں جبکہ سندھ سے وزیر خزانہ، محصولات، منصوبہ بندی و ترقی محمد یونس ڈھاگا شامل ہیں۔
اقتصادی کونسل میں خیبر پختونخوا سے وزیر خزانہ، محصولات، ایکسائز، ٹیکس سیشن احمد رسول بنگش، بلوچستان سے وزیر خزانہ و محصولات امجد رشید شامل ہیں۔
علاوہ ازیں وفاق سے وزیر خزانہ، محصولات، اقتصادی امور، نجکاری کونسل کے ممبر ہوں گے۔ وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات، وزیِر مواصلات، ریلویز و بحری امور بھی حصہ ہوں گے۔ نگراں وفاقی وزیر توانائی اور پیٹرولیم بھی کونسل کا حصہ ہیں۔