مسلم لیگ ن کی رہنما مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نو از شریف نے ائیرپورٹ سے کہاں جانا ہے یہ ان کا اور عوام کا فیصلہ ہو گا سرفراز بگٹی کا مسئلہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ سرفراز بگٹی فورس عوام کو تحفظ اور امن فراہم کرنے کے لیے استعمال کریں سرفراز بگٹی صاحب جتنا سیاسی قد ہے اُتنی بات کریں نواز شریف 3 بار وزیراعظم رہے ان پر بے بنیاد الزام لگا ئے گئے نواز شریف سے انتقام لیتے لیتے ملک کا ہر شعبہ برباد کر دیا۔
مریم اورنگزیب نے مزید کہا کہ مختصر مدت کے لیے جس کرسی پر بیٹھے ہیں اسے تاحیات نہ سمجھنے کی غلط فہمی سے باہر آجائیں، وزیرداخلہ سرفراز بگٹی نواز شریف کی نہیں، ملک کی فکر کریں۔
دوسری جانب ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ سرفراز بگٹی بیان دینے سے پہلے سابق وزیرِ داخلہ شیخ رشید کا انجام دیکھ لیں، سرفراز بگٹی نواز شریف سے متعلق بیان بازی سے قد بڑھانے کی کوشش نہ کریں۔
انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے 21 اکتوبر کو کہاں جانا ہے یہ وزیرِ داخلہ یا وفاق کا فیصلہ نہیں ہو گا، نواز شریف ہمیشہ کی طرح عدالتوں میں قانون کے مطابق تقاضے پورے کریں گے۔