سابق وزیر دفاع اور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ اگر پی ٹی آئی کی حکومت 5 سال پورے کرتی تو ملبہ اٹھانے والا کوئی نہ ہوتا۔
سیالکوٹ میں ورکرز کنونشن سے خطاب میں خواجہ آصف نے کہا کہ 4 سال پی ٹی آئی اور 14 ماہ مخلوط حکومت رہی جس کا فیصلہ عوام سنائے گی۔
خواجہ آصف نے کہا کہ 4 سال کے ملبے کو صاف نہیں کر سکے، ہم نے سیاسی قیمت ادا کی اور ڈیڑھ سال سے ملک کا حال تکلیف دہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے وجود سے انکار نہیں لیکن 4 سال میں کوئی خدمت نہیں کی، شہباز شریف نے پنجاب میں جو کام کیے وہ ذہنوں میں نقش ہوگئے۔
ان کا کہنا تھا کہ الیکشن دن بدن قریب آ رہا ہے اور حلقہ بندیوں کا اعلان بھی ہو چکا ہے۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ نواز شریف جیسے پہلے آیا نوید لے کر آیا اس مرتبہ بھی پاکستان ترقی کرے گا، نواز شریف کے ساتھ لوگ ڈٹے رہے لیکن آج پی ٹی آئی کا ایک لیڈر نہیں۔
انہوں نے کہا کہ جب پارٹی زبردستی بنائی جائے تو بہت لوگ اس میں شامل ہوتے ہیں، ہم اچھے ہیں یا بُرے ہمارا اثاثہ عوام ہیں۔