لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے 6 اکتوبر کو گورنرہاؤس کراچی کے باہر دھرنا دینے کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ استحکام کا راستہ پولنگ اسٹیشن سے ہو کر گزرتا ہے اور معیشت بہتر بنانے کی باتیں کرنے والے شکست سے خوف زدہ ہیں۔ الیکشن کمیشن انتخابات کی تاریخ دے اور انتخابات ڈیکوریشن نہیں بلکہ صاف اور شفاف ہوں۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کو پالیسی معاملات میں فیصلہ سازی کا اختیار نہیں ہے اور نگران سیٹ اپ قوم کے بجائے عالمی مالیاتی ادارے (آئی ایم ایف) کے مفادات کی نگرانی کر رہا ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ بجلی بلوں میں 15 اقسام کے ٹیکسز عوام کے ساتھ ظلم ہے اور خیال تھا نگران حکومت آئی پی پیز معاہدوں پر نظرثانی کرے گی۔ ہم غریب آدمی کے مسائل پر جدوجہد کو جہاد فی سبیل اللہ سمجھتے ہیں اور 6 اکتوبر کو کراچی میں گورنرہاؤس کے باہر تاریخی دھرنا ہو گا۔
اس سے قبل سراج الحق کا کہنا تھا کہ انتخابات میں التوا کی کوئی وجہ نہیں دیکھ رہے اور اگر انتخابات التوا ہوئے تو بھرپور عوامی، جمہوری، پُرامن مزاحمت کا راستہ اختیار کریں گے۔