فلسطین اسرائیل کے درمیان کشیدگی آج بھی جاری ہے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملوں کے ساتھ ٹینکوں سے گولہ باری شروع کردی ہے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو ہوگا۔
اسرائیلی حملوں میں ممنوعہ سفید فاسفورس کا بھی استعمال کیا جارہا ہے، خان یونس میں پناہ گزین کیمپ پر گولہ باری میں سات فلسطینی شہید ہوگئے۔
اب تک شہداء کی تعداد 1200 سے بڑھ گئی، پانچ ہزار سے زائد زخمی ہیں ، جبکہ اسرائیل میں ہلاکتیں 1200ہوگئیں، مجموعی تعداد 2400 تک پہنچ گئی ہے۔
غزہ پٹی میں اب تک 2 ہزار500 سے زائد مکانات مکمل تباہ ہوچکے ہیں، جبکہ اسرائیلی بمباری سے 22 ہزار 800 سے زائد مکانات کو نقصان پہنچا ہے۔
حماس کے حملے میں تھائی لینڈ کے21 ، امریکا کے22 ہلاک ہوئے، جبکہ غزہ پر اسرائیلی فضائی حملوں میں اقوام متحدہ کے 9 اہلکار جان کی بازی ہار گئے۔
دوسری جانب امریکی وزیر خارجہ انتھونی بلنکن اسرائیل سے اظہار یکجہتی کے لیے چند گھنٹوں میں اسرائیل پہنچیں گے۔
فلسطینی حکام کے مطابق امریکی وزیر خارجہ فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات کریں گے۔
اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس جمعے کو ہونے جارہا ہے، جس میں اسرائیل اور حماس کے درمیان تنازع پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔
برازیل کی وزارت خارجی کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدر کی حیثیت سے برازیل نے غزہ کی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اجلاس طلب کیا ہے۔