قصور سابق وزیر اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز کا کہنا ہے کہ نواز شریف 21 اکتوبر کو ملک کو مشکل سے نکالنے کا روڈ میپ دیں گے۔
حمزہ شہباز نے جلسے سے خطاب میں کہا کہ آج عوام کیلیے دو وقت کی روٹی پوری کرنا مشکل ہے، چیئرمین پی ٹی آئی نے آئی ایم ایف سے شرائط کی خلاف ورزی کی جبکہ شہباز شریف نے معاہدہ کر کے ملک کو ڈیفالٹ ہونے سے بچایا، آج ڈالر کی قیمت 278 روپے ہے جبکہ نواز دور میں 105 تھی۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا تھا خودکشی کروں گا لیکن آئی ایم ایف کے پاس نہیں جاؤں گا، اس نے معاہدہ کیا اور پھر خلاف ورزی کی، معاہدہ بحال نہ ہوتا تو ملک دیوالیہ ہو جاتا۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے سامنے ایک طرف سیاست اور دوسری طرف ریاست تھی، نواز شریف نے کہا کہ سیاست کو داؤ پر لگا کر ریاست کو بچائیں گے، آئی ایم ایف معاہدہ استوار نہ کرتے تو دنیا پاکستان سے قطع تعلق کر لیتی، قرضہ لے کر شرائط پوری نہ کریں تو گھر اور محلے میں بھی کوئی یقین نہیں کرتا۔
حمزہ شہباز نے کہا کہ 9 مئی اور 28 مئی کو ملک کے اہم ترین واقعات ہوئے، 9 مئی کو شہدا کے مجسموں کو توڑا گیا اور جناح ہاؤس کو آگ لگائی گئی جبکہ 28 مئی کو ہندوستان کے جواب میں پاکستان نے ایٹمی دھماکے کیے۔
انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کے خلاف 190 ملین پاؤنڈ کیس میں ٹھوس شواہد موجود ہیں، شہباز شریف، مریم نواز اور ہماری قیادت پر جھوٹے مقدمات بنائے گئے، چیئرمین پی ٹی آئی جھوٹے کیس بنا رہا تھا اور ساتھ قوم کا پیسہ بھی لوٹ رہا تھا۔