لاہور امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے امریکی سفارتخانے کے سامنے غزہ مارچ کا اعلان کر دیا۔
امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل غزہ کا محاصرہ ختم کرے اور امداد کے راستے کھولے۔ 29 اکتوبر کو اسلام آباد میں غزہ مارچ کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی فساد ہو رہا ہے اس سب کے پیچھے امریکہ کا ہاتھ ہے جبکہ کشمیر پر بھارتی قبضے میں بھی امریکہ ملوث ہے۔
سراج الحق نے کہا کہ عوام فلسطینیوں پر مظالم کے خلاف باہر نکل کر یکجہتی کا اظہار کریں۔ اسرائیلی مظالم میں امریکہ 100 فیصد شریک ہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر خاموش رہنا اسرائیل کا ساتھ دینے کے مترادف ہے، فلسطین میں ہزاروں لوگ شہید ہو چکے ہیں اور فلسطینیوں کو اپنے ہی علاقوں میں قید کردیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 7 اکتوبر سے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے جاری ہیں، جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر ساڑھے 5 ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہو چکے ہیں جبکہ غزہ کی پٹی میں اسرائیلی حملوں میں شہید بچوں کی تعداد 2 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔