بھارت میں دو ٹرینوں کے تصادم کے نتیجے میں کم از کم 13 افراد ہلاک اور 50 دیگر زخمی ہوگئے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اتوار کو دیر گئے اس وقت پیش آیا، جب ایک مسافر ٹرین ریاست آندھرا پردیش میں الامانڈا اور کنٹاکاپلے کے درمیان سگنل کو توڑ کر آگے نکل گئی۔
وزارت ریلوے نے ایک بیان میں بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ’انسانی غلطی‘ کی وجہ سے تصادم ہوا۔
سرکاری حکام ایس ناگلکشمی نے صحافیوں کو بتایا کہ 13 مسافر ہلاک ہوئے ہیں جبکہ 50 دیگر زخمی ہیں، ریسکیو آپریشن جاری ہے۔
بھارت میں دنیا کا سب سے بڑا ریل نیٹ ورک ہے، جہاں پر کئی مہلک حادثات ہو چکے ہیں، سب سے بدترین حادثہ 1981 میں ہوا، جب ایک ٹرین ریاست بہار میں پل کراس کرتے ہوئے پٹری سے اتر گئی تھی، جس کے نتیجے میں 800 مسافر ہلاک ہوئے تھے۔
جون میں ریاست اوڈیشہ میں تین ٹرینیں آپس میں ٹکرا گئی تھیں، جس کے سبب تقریباً 300 افراد ہلاک ہوئے تھے، اسی طرح اگست میں اسٹیشن پر کھڑی مسافر ٹرین میں آتشزدگی کے سبب کم از کم 9 افراد ہلاک ہوئے تھے۔
رواں ماہ کے اوائل میں بہار میں ایک ایکسپریس ٹرین پٹری سے اترنے سے چار افراد ہلاک ہو گئے تھے۔