امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق نے مطالبہ کیا ہے کہ تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل کی سفاکیت کو روکیں۔
ایران کے دارالحکومت تہران میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب میں سراج الحق نے کہا کہ ہم قدر مشترک اور درد مشترک کی بنیادوں پر امت کے اتحاد کی جدوجہد کر رہے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ سید مودودیؒ اور امام خمینیؒ کا پیغام آفاقی اور عالم اسلام کو ایک لڑی میں پرونے کا ہے، تمام اسلامی ممالک متحد ہو کر اسرائیل سفاکیت روکیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک ماہ گزر گیا غزہ جل رہا ہے، عالمی برادری اور او آئی سی اسرائیل کو لگام ڈالنے میں ناکام ہوگئے، ہم مسئلہ فلسطین کو اجاگر کرنے کیلیے شب و روز محنت کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی نے کراچی اور اسلام آباد میں غزہ ملین مارچ منعقد کیے، جماعت اسلامی لاہور میں 19 نومبر کو غزہ مارچ کا انعقاد کرے گی۔
اسلام آباد میں امریکی سفارت خانے کے سامنے غزہ ملین مارچ سے خطاب میں سراج الحق نے کہا تھا کہ مسلمان حکمرانوں کا کام غزہ کے مسلمانوں کو کھانا اور دوائی پہنچانا نہیں بلکہ مدد اور اسلحہ پہنچانا ہے۔
انہوں نے کہا تھا کہ ہم نے امریکی سفارت خانے کے سامنے احتجاج کا اعلان کیا تو امریکی ترجمان نے ہمارے حکمرانوں سے رابطہ کیا، امریکا نے خدشہ ظاہر کیا کہ ہم سفارت خانے پر قبضہ کرنا چاہتے ہیں۔