امیر جماعت اسلامی پاکستان سراج الحق کا کہنا ہے کہ فلسطین میں اس وقت ایک قیامت برپا ہے اور غزہ کے معصوم بچے پوچھتے ہیں مسلم ممالک ہماری مدد کو کب آئیں گے۔
سراج الحق نے لاہور میں غزہ مارچ سے خطاب کیا جس میں ہزاروں کی تعداد میں لوگوں نے شرکت کر کے فلسطینیوں سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
امیر جماعت اسلامی نے خطاب میں کہا کہ او آئی سی اجلاس میں صرف تسلی دینے کے سوا کچھ نہیں کیا گیا، اس کے اجلاس میں مردہ قرارداد پاس کی گئی جس کا کوئی اثر نہیں ہوا۔
انہوں نے کہا کہ فرانس کے عوام نے اتنی مہم چلائی کہ وہاں کی حکومت کو اپنا بیانیہ بدلنا بڑا، آسٹریلیا اور کینڈا کے لوگوں نے بھی فلسطینیوں کا ساتھ دیا، آئرلینڈ، واشنگٹن اور لندن کے عوام کا بھی شکریہ جنہوں نے غزہ کیلیے آواز اٹھائی۔
ان کا کہنا تھا کہ آج کا اجتماع دشمن کیلیے موت کا پیغام ہے، اسرائیل شیطانی ریاست ہے جس کو سامراجی قوتوں نے مل کر بنایا ہے، فلسطینیوں نے کبھی اسرائیل کو تسلیم نہیں کیا وہ اس کی ٹینکوں اور توپوں کے آگے کھڑے ہیں۔
سراج الحق نے کہا کہ آج اسرائیل کے لوگ بھی نیتن یاہو کے خلاف احتجاج کر رہے ہیں، اس اجتماع نے پیغام دیا کہ غزہ لاوارث نہیں ہم اس جہاد میں ساتھ ہیں۔