میئر کراچی مرتضیٰ وہاب نے شہر کی کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کرانے کا فیصلہ کرلیا اور اس حوالے سے 3 ٹیمیں تشکیل دے دیں۔
کراچی میں مختلف عمارتوں میں آتشزدگی کے واقعات کی وجہ سے میئر کراچی کی جانب سے بڑا فیصلہ سامنے آیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے شہر کی کمرشل عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کروانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ فائر سیفٹی آڈٹ کے لیے 3 ٹیمیں تشکیل دے دی گئیں۔
بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے افسران سے مشاورتی اجلاس کے بعد کہا کہ پہلے مرحلے میں شاہراہ فیصل، آئی آئی چندریگر روڈ اور طارق روڈ کی عمارتوں کا فائر سیفٹی آڈٹ کیا جائے گا۔
میر کراچی کا کہنا تھا کہ دیکھا جائے گا کہ کن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام موجود ہے یا نہیں، مشاہدے میں آیا ہے کہ کئی بڑی کمرشل عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہی نہیں ہیں
کے ایم سی کا عملہ ان علاقوں میں تمام بڑی عمارتوں کا جائزہ لے گا، جن عمارتوں میں ہنگامی اخراج کے راستے ہیں وہاں کی انتظامیہ انہیں واضح کرے، قانون کے مطابق بڑی عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے ہونا لازمی ہے۔
میئر کراچی نے کہا کہ جن عمارتوں میں فائر سیفٹی کا نظام اور ہنگامی اخراج کے راستے نہیں ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ یہ خالصتاً انسانی جانوں کا مسئلہ ہے، عمارتوں کی انتظامیہ مالکان کے ایم سی کے عملے ساتھ تعاون کریں۔