اسرائیل اور حماس کے درمیان غزہ میں جاری 7 روزہ جنگ بندی ختم ہوجانے کے بعد اسرائیلی فوج نے غزہ پر حملے شروع کردیے۔
اسرائیلی فوجی ڈرون اور لڑاکا طیاروں کا گشت شروع ہوگیا ہے، اسرائیلی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ غزہ کی سرحد پرایک راکٹ حملہ ناکام بنا دیا ہے۔
غزہ میں عارضی جنگ بندی کے ساتویں روز حماس نے مزید چھ اسرائیلی یرغمالی رہا کر دیے، دو یرغمالی پہلے ریڈکراس کے حوالے کیے گئے۔
بدلے میں اسرائیل نے 30 فلسطینی قیدیوں کو رہا کردیا، دو مختلف جیلوں سے رہائی پانے والے فلسطینی رملہ پہنچ چکے ہیں۔
دوسری جانب ثالثوں کے درمیان جنگ بندی میں توسیع کے لیے بات چیت جاری ہے، قطر کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ حماس مزید توسیع پر رضا مند ہے۔
ترجمان اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ جنگ بندی میں مزید توسیع کے بارے میں کچھ نہیں کہہ سکتے۔
امریکی وزیرخارجہ انٹونی بلنکن یروشلم میں موجود ہیں۔۔ جنہوں نے گزشتہ روز اسرائیلی وزیراعظم، صدر اور جنگی کابینہ سے ملاقات کی ہے۔
امریکی وزیرخارجہ نے کہا عام شہریوں کے تحفظ کا خیال رکھا جائے، جبکہ ان کی فلسطینی صدر محمود عباس سے بھی ملاقات متوقع ہے۔
جنگ دوبارہ شروع ہوتی ہے تو اسرائیل کی حمایت جاری رکھیں گے امریکا
ترجمان وائٹ ہاؤس جان کربی نے کہا کہ امریکا غزہ جنگ بندی میں توسیع کے لیے کوشش کر رہا ہے، جنگ بندی میں توسیع کے لیے اسرائیل، قطر اور مصر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔