امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے کہ 75 سال سے ملک پر مافیا مسلط ہے، 8 فروری کو ووٹ کے ذریعے عوام باریاں لینے والوں کا احتساب کریں گے۔
انتخابات کی تیاریوں کے حوالے سے پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملکی ترقی کیلئے نوجوانوں کو آگے آنا ہو گا، فلسطین کے معاملے پر حکومت کو بیان بازی سے آگے بڑھ کر کچھ کرنا ہوگا ۔
سراج الحق نے کہا کہ 8 دسمبر سے 8 فروری تک الیکشن کیلئے نوجوان مسلسل جدوجہد کریں گے، آنے والا دور عزت اور خوش حالی کا ہے، امید ہے الیکشن ہر صورت ہوں گے اگر اس بار جمہوریت ڈی ریل ہو گئی تو پھر راستے پر لانا مشکل ہو جائے گا۔
امیر جماعت اسلامی نے فلسطین کے حوالے سے کہا کہ غزہ میں ہزاروں افراد کو ناحق شہید کیا گیا، جماعت اسلامی حکومت سے مطالبہ کرتی ہے کہ فلسطین کے معاملے پر بیانات سے آگے بڑھ کر کچھ کریں۔