لاہور مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کا آر اوز کا نوٹیفکیشن معطل کروانا الیکشن کے خلاف سازش ہے۔
احسن اقبال نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی ملک میں جمہوریت کے خلاف سازش کر رہی ہے کیونکہ اس کو الیکشن میں شکست نظر آ رہی ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی جیل میں ہے اور اسی لیے انہوں نے عدالت جا کر الیکشن عمل پر خودکش حملہ کروایا، یہ الیکشن سے فرار کی راہیں اختیار کر رہے ہیں لیکن چیف جسٹس پاکستان سے گزارش ہے بروقت الیکشن کیلیے جو اقدامات کر سکتے ہیں کریں۔
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن انتخابات کی تیاریاں کر رہا ہے، ہم پی ٹی آئی کو الیکشن سے فرار نہیں ہونے دیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حیلے بہانوں سے بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن ہمارا مطالبہ ہے فوری الیکشن کروائے جائیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ الیکشن تیاری کیلیے 54 دن کی ضرورت ہے لیکن پی ٹی آئی کو امیدوار نہیں مل رہے اور اکثر پارٹی چھوڑ رہے ہیں، انہوں نے انتخابات کیلیے عدلیہ سے انتخابی عملہ مانگا مگر انکار کر دیا گیا، ماضی میں انتظامی افسران کی الیکشن ڈیوٹیاں لگائی گئی ہیں۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ 9 مئی کو ادارے کے خلاف سازش کی گئی، بانی پی ٹی آئی کے بیانات کا مقصد بغاوت کیلیے اکسانا تھا، انہوں نے امریکا جا کر کہا پاکستان کی امداد بند کریں، انہوں نے اسمبلی سے استعفے دے کر سمجھا پارلیمنٹ ٹوٹ جائے گی مگر ناکام رہے۔