الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لئے کاغذات نامزدگی لینے والے امیدواروں کے لیے ہدایت نامہ جاری کر دیا ہے۔
الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی کا ایک فارم حاصل کرنے کی فیس 100 روپے ہے،کاغذات نامزدگی 20 سے 22 دسمبر تک جمع کروائے جا سکتے ہیں۔
امیدوار مختلف تجویز اور تائید کنندگان کے ساتھ 5 کاغذات نامزدگی جمع کروا سکتا ہے،امیدوار کوقومی اسمبلی کی نشست کے لئے ناقابل واپسی 30 ہزار روپے فیس جمع کروانا ہو گی۔
صوبائی اسمبلی کی نشست کے لیے امیدوار کو 20 ہزار روپے فیس جمع کرانی ہوگی، الیکشن کمیشن کے مطابق کاغذات نامزدگی آراوسے صبح 8 سے دوپہر 3 بجے تک حاصل کیے جا سکتے ہیں۔
کاغذات نامزدگی کے ساتھ تجویزو تائید کنندہ کے شناختی کارڈ کی مصدقہ نقول منسلک کرنا ہو گی، تجویز اور تائید کنندہ کو اپنا ووٹر سرٹیفکیٹ بھی جمع کروانا ہوگا۔
امید وار گزشتہ تین سال کا انکم ٹیکس ریٹرن کا غذات نامزگی کے ساتھ منسلک کرے گا اس کے علاوہ امیدوار کی جانب سے پاسپورٹ کی مکمل نقل کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کی جائے گی۔