کراچی صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف نے کہا ہے کہ کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے بہادر آباد میں ایم کیو ایم کے کنوینرسینئر ڈپٹی کنوینر اور کنوینرز سے ملاقات کی، ملاقات میں سیاسی صورتحال، انتخابی معاملات اور دیگر امور پر گفتگو کی گئی۔
ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ میں ایم کیو ایم کا شکریہ ادا کرتا ہوں ایم کیو ایم نے گزشتہ حکومت میں ہمارے ساتھ بہت تعاون کیا، ہر کٹھن وقت میں ایم کیو ایم ساتھ رہی اس پر آپ سب کے شکر گزار ہیں۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ آئندہ بھی چیلنجز بہت بڑے ہیں، ہمیں ساتھ ملکر چلنا ہوگا، تعلقات میں اتار چڑھاؤ آتا رہا، عدم اعتماد تحریک کے بعد مخلوط حکومت قائم ہوئی اس میں بھی ایم کیو ایم نے ساتھ دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ ایم کیو ایم کے ساتھیوں کو میں نے انتہائی پر جوش پایا، معاملات طے کرنے میں دل سے ان کے تعاون کا پہلے بھی شکریہ ادا کیا اب بھی کرتا ہوں، اگلا الیکشن یہ فیصلہ کریگا کہ کیا پاکستان نے ترقی اور خوشحالی کی طرف جانا ہے، اللہ نے چاہا تو یہی فیصلہ ہوگا۔
سابق وزیراعظم شہبازشریف کا کہنا تھا کہ کچھ قوتیں پاکستان کو سیاسی و معاشی انتشار میں مبتلا دیکھنا چاہتی ہیں، گزشتہ 4 سال میں برے طریقے سے دشنام طرازی، گالم گلوچ کی گئی، گزشتہ چار سال میں سب سے بڑھ کر جھوٹ بولا گیا۔
اس سے قبل انہوں نے کراچی آنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ شہر قائد روشنیوں کا شہر ہے، اس کی اپنی تاریخ ہے، پاکستان کے حوالے سے شہر قائد کا رتبہ بہت عظیم ہے۔
شہبازشریف نے کہا کہ اس شہر کی اکانومی پاکستان کی نسبت نصف کے برابر ہے، کروڑوں لوگ محنت کرتے ہیں، اربوں ڈالر کا سرمایہ لگا کر کماتے ہیں، لاکھوں لوگوں کو یہاں پر روزگار ملتا ہے۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی پاکستان کا گیٹ وے کہلاتا ہے، دیگر شہروں کے بھی لوگ کراچی میں رہ رہے ہیں، یہ بات کوئی ڈھکی چھپی نہیں کہ 1997 میں کراچی کا امن تباہ ہوچکا تھا، نوازشریف نے1997 میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں سے ملکر بدامنی کو ختم کیا۔
شہباز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی باوقار پبلک ٹرانسپورٹ سے آج تک محروم رہا، دیہی علاقوں سے بھی بدتر پبلک ٹرانسپورٹ کا نظام شہر قائد میں ہے، نوازشریف کی قیادت میں شہر قائد میں جدید پبلک ٹرانسپورٹ لائینگے۔