پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری اطلاعات فیصل کریم کنڈی نے مولانا فضل الرحمان کےبیان پر ردعمل میں کہا ہے کہ ملک میں انتخابات کا ماحول بن چکا ہے، آج بھی ملک کو سیاسی بحران سےنکالنے کا واحد راستہ عام انتخابات ہیں۔
اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ قوم کو بہادر لیڈر شپ کی ضرورت ہے، بینظیر بھٹو شہید نے بارودی سرنگوں پر چل کر انتخابی مہم چلائی تھی۔
فیصل کریم کنڈی کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی نے 2008، 2013 اور 2018 کے انتخابات میں دہشتگردوں کا مقابلہ کیا تھا، مخالفین جانتے ہیں کہ بلاول انتخابات جیت کر وزیراعظم بن رہے ہیں۔
واضح رہے کہ جمیعت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا تھا کہ ماحول کی بہتری کیلئے اگر انتخابات ملتوی ہوجائیں تو آسمان نہیں گر پڑے گا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن ملتوی کرنے کی سینیٹ کی قرارداد ہمارے مؤقف کی تائید ہے، الیکشن کا ماحول نہیں ہے ہم جلسوں میں نہیں جا سکتے، ہمارے جلسوں میں شرکت پر لوگوں کو دھمکیاں دی جا رہی ہیں۔