پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما جاوید لطیف نے کہا ہے کہ 2017 میں نوازشریف کے خلاف عالمی سازش ہوئی جس میں اندرونی سہولت کار بھی موجود تھے، نوازشریف کے خلاف سازش میں راحیل شریف، فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ سہولت کار تھے۔
نجی ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے (ن) لیگی رہنما جاوید لطیف نے کہا کہ نوازشریف نے جب ایٹمی دھماکے کیے تو اس وقت بھی عالمی سازش ہوئی تھی، نوازشریف کو 2017 میں بھی سی پیک لانے کی سزا دی گئی۔
جاوید لطیف نے کہا کہ بلاول بھٹو گفتگو سے پہلے آصف زرداری سے پوچھ لیا کریں، بلاول کو آصف زرداری سنجیدہ نہیں لیتے تو میں کیسے لوں؟۔
اینکرپرسن کی جانب سے سوال پوچھا گیا کہ آپ لیول پلیئنگ فیلڈ کس سے مانگ رہے ہیں؟ جس کے جواب میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ فیصلہ سازوں سے لیول پلیئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں، ہمارے خلاف فیصلہ کرنے والوں سے لیول پلئنگ فیلڈ مانگ رہے ہیں۔
9 مئی کے حوالے سے بات کرتے ہوئے جاوید لطیف نے کہا کہ 9 مئی کے واقعات کی منصوبہ بندی کرنے والے کون تھے؟ ذمہ داران کا آج تک پتہ نہیں چلا تو ماتم ہی کرسکتا ہوں، ریاست پر حملہ کرنے والوں کو آج تک کٹہرے میں نہیں لایا جاسکا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کو انتخابی نشان بھی دیں اور انتخابی مہم بھی چلانے دیں، آئین و قانون اجازت دیتا ہے تو بانی پی ٹی آئی عمران خان کو رہا کریں، قانون ہے کہ انتخابی نشان چھن رہا ہے تو قانون کوغلط نہیں کہہ سکتے۔
جاوید لطیف کا یہ بھی کہنا تھا کہ قوم انتخابات میں ووٹ کے ذریعے اپنا فیصلہ دے گی، کیا بانی پی ٹی آئی عمران خان نے سپریم کورٹ پر حملہ نہیں کیا تھا کوئی مقدمہ ہوا؟۔
انہوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کے خلاف سازش میں راحیل شریف، فیض حمید اور قمر جاوید باجوہ سہولت کار تھے۔