لاہور چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ ہم الیکشن کے لیے میدان میں اترچکے ہیں لیکن کوئی اور نظر ہی نہیں آرہا ہے۔
پاک الرٹز نیوز کے مطابق لاہور میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو نے کہا کہ سنا تھا یہاں مسلم لیگ ن کا راج ہے لیکن وہ تو نظر ہی نہیں آتے، کیا آپ کو معلوم ہے کہ یہاں سے ن لیگ کا امیدوار کون ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ سنا تھا لاہور میں پی ٹی آئی کا راج ہے کیا وہ بھی نظر آرہی ہے؟ پیپلزپارٹی واحد جماعت ہے جو لاہور میں بھی الیکشن کے لیے تیار ہے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ 8 فروری کو ملک میں الیکشن ہورہے ہیں ہم تو تیار ہیں، مل کر دن رات محنت کریں گے اور عوام کی آواز بنیں گے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کو جتوا کر مجھے وزیراعظم منتخب کروانا ہے، وزیراعظم بنا تو تنخواہ دگنی اور 300 یونٹ تک بجلی مفت فراہم کروں گا، اقتدار میں آکر روزگار کے مواقع بھی پیدا کریں گے، صحت کے اداروں میں مفت علاج فراہم کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ 30 لاکھ گھروں کے لیے ’تیر‘ پر ٹھپہ لگانا ہے، ہماری حکومت آئے گی تو بی آئی ایس پی میں مزید اضافہ کریں گے، کسانوں کے لیے بنظیر کسان کارڈ اور مزدوروں کے لیے مزدور کارڈ لائیں گے، نوجوان کے لیے یوتھ کارڈ بھی لائیں گے۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ آخری وعدہ جو یہ ہے کہ ملک میں بھوک مٹاؤ پروگرام شروع کریں گے، 10 نکاتی معاہدے سے ملک کو ترقی دیں گے، ہمارا مقابلہ کسی سیاسی جماعت سے نہیں بلکہ مہنگائی سے ہے، ہم سیاست میں ایک نئی سوچ لے کر آئیں گے۔