اسلام آباد پاکستان پیپلز پارٹی نے الیکشن کمیشن سے مطابلہ کیا ہے کہ وہ نگراں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مرتضیٰ سولنگی کی سیاسی بیان بازی کا نوٹس لے۔
رہنما پیپلز پارٹی فیصل کریم کنڈی نے مرتضیٰ سولنگی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ پارٹی منشور سے تکلیف مخالفین کو ہو رہی ہے لیکن اس کا اظہار نگراں وزیر کر رہے ہیں۔
فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ مرتضیٰ سولنگی نگران وزیر اطلاعات ہیں یا کسی پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات ہیں؟ الیکشن کمیشن ان کی سیاسی بیان بازی کا نوٹس لے۔
انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری غریبوں کی بات کرتے ہیں تو مراعات یافتہ عناصر کو تکلیف ہوتی ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے تباہ حال اور شکست خوردہ ملک کی دوبارہ تعمیر کی تھی، بینظیر بھٹو جب بھی اقتدار میں آئیں غریبوں کے بچوں کو روزگار دیا۔
ان کا کہنا تھا کہ آصف علی زرداری اقتدار میں آئے تو بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، ذوالفقار علی بھٹو اور ان کے جانشین جو وعدہ کرتے ہیں وہ پورا کرتے ہیں، پیپلز پارٹی اقتدار میں آتی ہے تو ملک کے خزانے میں بھی برکت آتی ہے۔