ظفروال سیکریٹری جنرل مسلم لیگ (ن) احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دشمن پی ٹی آئی کے ذریعے مہم چلا رہے ہیں۔
جلسے سے خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان کے خلاف جو کبھی بھارتی ایجنسی را نے بھی ہمت نہیں تھی وہ پی ٹی آئی نے کیا، پی ٹی آئی کی کامیابی کا مطلب اس ملک میں انتشار ہے۔
احسن اقبال نے کہا کہ (ن) لیگ کی قیادت نے کبھی سیاست میں بلیک میلنگ نہیں کی، دشمن پاکستان کو کھوکھلا کرنے کی سازش کر رہے ہیں، ایٹمی طاقت کو جنگ سے جھکایا نہیں جا سکتا اس لیے سازش کی جا رہی ہے، ایٹمی طاقت کو کمزور کرنا ہو تو اس کا راستہ ہے معیشت پنکچر کر دیں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ دشمن داخلی اتحاد کو کمزور اور ملک کو اندر سے کھوکھلا کرنا چاہتے ہیں، ایک لیڈر کو 2018 میں ملک پر مسلط کیا گیا اس نے معیشت تباہ کر دی، سی پیک منصوبہ بند اور انتشار پھیلانے کی کوشش کی گئی، نوجوانوں کے ذہن میں نفرت کے بیج بوئے گئے۔
انہوں نے کہا کہ اس نے پاکستان کے اداروں میں تقسیم کرنے کوشش کی، اس نے اپنے ہم خیال ججوں کے ذریعے تقسیم کی کوشش کی، سپریم کورٹ پنجایت بن کر بانی پی ٹی آئی کے حق میں فیصلے کرتی تھی لیکن اللہ کا شکر ہے وہ جج ایک ایک کر کے رخصت ہو گئے۔
(ن) لیگی رہنما نے کہا کہ آج پھر سپریم کورٹ آزادی کی طرف سفر کر رہی ہے، بانی پی ٹی آئی نے سلامتی اداروں میں دراڑ ڈالنے کی سازش کی، 9 مئی کو ادارے میں بغاوت پیدا کرنے کی کوشش کی، فوجی تنصیبات پر حملہ کیا اور شہدا کی یادگاروں کو مسمار کیا۔