استحکام پاکستان پارٹی کے سربراہ جہانگیر ترین نے سابق وزیر اعظم عمران خان اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو سائفر کیس میں ملنے والی سزا پر کہا ہے کہ کسی کو سزا ہو تو دکھ ہوتا ہے لیکن یہ کام ہونا نہیں چاہیے تھا۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ سائفرکیس کا ٹرائل ہوا تھا اب سزا ہوئی ہے،یہ جج کا فیصلہ ہے، اس کا احترام کرنا چاہئے۔
جہانگیر ترین نے کہا کہ جو ہوا ہے قانون کے مطابق ہوا ہے اللہ ہدایت دے، کوئی غیر قانونی کام نہیں کرنا چاہیے،افسوس ہے مگر اب جو کیا وہ بھگتنا پڑ رہا ہے۔
واضح رہے کہ سائفرکیس میں عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کو 10،10 سال قید کی سزا سنا دی۔ اڈیالہ جیل میں آفیشل سیکریٹ ایکٹ کے تحت قائم عدالت میں سائفر کیس کی سماعت ہوئی۔