ہارون آباد مسلم لیگ ن کی چیف آرگنائزر مریم نواز کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی سیاسی جماعت نہیں، اس کے ساتھ وہی سلوک ہونا چاہیے جو دہشتگرد جماعت کے ساتھ ہوتا ہے۔
جلسے سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ جب نواز شریف کو پاناما ڈرامے پر سزا ہوئی تو بانی پی ٹی آئی مٹھائی کھلا رہا تھا، نواز شریف کو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے جیسے مذاق پر سزا ہوئی تھی، عوام کی طاقت سے نواز شریف تین بار وزیر اعظم بنے۔
مریم نواز نے کہا کہ آج بانی پی ٹی آئی کو 10 سال سزا ہوئی ہے لیکن کسی نے مٹھائی نہیں بانٹی، ہم نے 10 سال سزا ہونے پر کوئی خوشیاں نہیں منائیں، اس کا جرم بیٹے سے تنخواہ لینا نہیں بلکہ سنگین جرم کیا، اس نے دیکھا اقتدار جا رہا ہے تو جھوٹا کاغذا لہرایا یہ سائفر ہے اس نے قومی سلامتی سے کھیلا۔
انہوں نے کہا کہ عوام نے نواز شریف کو 3 بار وزیر اعظم بنایا لیکن تینوں بار نکال دیا گیا، کیا نواز شریف نے ایک بار بھی قومی سلامتی سے کھیلا؟ تین بار کے وزیر اعظم کے دل میں سیکڑوں قومی راز دفن ہوتے ہیں، دفتر سے نکالا اور سازش بھی ہوئی جھوٹے مقدمے بنائے، نواز شریف نے اتنا سب کچھ ہونے کے بعد بھی قومی راز فاش نہیں کیا۔
ان کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی اقتدار باہر نکلتا دیکھ کر ان کے لوگوں نے چھوڑا لیکن نوازشریف کے کسی ساتھی نے ان کو نہیں چھوڑا، اس کے اپنے لوگ اسے چھوڑ کر چلے گئے تو اس نے سائفر کا ڈرامہ رچایا، کان کھول کر سن لیں یہ سیاسی جماعت ہے نہ سیاسی مقدمہ ہے، کیا سیاسی جماعتیں اپنے ملک پر حملہ کرتی ہیں؟