اسلام آباد: حکومت نے بنیادی عوامی مسائل کے حل کے لیے نیشنل ایکشن پلان بنانے کا فیصلہ کرلیا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے نیشنل ایکشن پلان کے لیے پارلیمانی کمیٹی بنانے کی ہدایت کردی ہے، پانی، زراعت، تعلیم اور صحت سمیت بنیادی عوامی مسائل کے حل کے لیے نیشنل ایکشن پلان بنایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا کہ وزیراعظم نے اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو پلان پر عملدرآمد کا ٹاسک دیا ہے اور اسپیکر اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لیں گے۔
ذرائع کا کہنا ہےکہ پارلیمانی کمیٹی برائے قومی ایکشن پلان میں تمام جماعتوں کو شامل کیا جائے گا جس کے لیے اسپیکرنے پارلیمانی جماعتوں سے روابط اور ملاقاتیں بھی شروع کردی ہیں۔
کمیٹی سمندر پار پاکستانیوں سے بھی تجاویز لے گی اور اس کی رپورٹ پارلیمنٹ میں پیش کی جائے گی۔