اسلام آباد بانی رکن پاکستان تحریک انصاف اکبر ایس بابر نے اڈیالہ جیل قید میں بانی پی ٹی آئی کو مصالحت کی پیشکش کر دی۔
نیوز کانفرنس کرتے ہوئے اکبر ایس بابر نے کہا کہ کچھ لوگ سمجھتے ہیں میں پارٹی کا دشمن ہوں، میں پارٹی کو وہیں لے کر جانا چاہتا ہوں جو اس کا مقصد تھا، جو لوگ سمجھتے ہیں ہم پارٹی پر قبضہ کر لیں گے یہ غلط ہے، آج پارٹی تباہی کے دہانے پر کھڑی ہے۔
اکبر ایس بابر نے کہا کہ پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین کو پیشکش کر رہا ہوں کہاب ہم نے آگے جانا ہے کیونکہ پارٹی کا شیرازہ بکھر چکا ہے، ایک مصالحتی راستے پر چلنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ بانی چیئرمین 3 نمائندے اور ایک وکیل کو نامزد کریں ہم بھی 3 نمائندے اور ایک وکیل نامزد کریں گے، یہ آپس میں بیٹھ کر ایک فریم ورک بنائیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کالعدم قیادت کی طرف سے انٹرا پارٹی ناٹک رچانے کی کوشش کی گئی، انٹرا پارٹی کے نام پر ناٹک مؤخر کرنا خوش آئند ہے۔
بانی رکن نے کہا کہ نئے نام نہاد انٹرا پارٹی الیکشن کا عمل جاری رکھتے تو پارٹی کو نقصان ہوتا، ہم اس کوشش میں ہیں پی ٹی آئی کو ایک جمہوری ادارہ بنایا جائے، پی ٹی آئی کی ایک ایسی قیادت ہو جو قوم کو بنانے پر توجہ دے۔