پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے جماعت اسلامی کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے کہ جماعت اسلامی کو معلوم ہے کہ آمر نہیں آیا تو کوئی چانس نہیں کہ وہ حکومت میں بیٹھ سکے
جیکب آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جس طرح جماعت اسلامی نے ضیا الحق کا ساتھ دیا، آج تک عوام نے ان کی یہ غلطی معاف نہیں کی۔
ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کے عوام کے بڑے مسئلوں پر اپنا منشور بنایا ہے، اگر وفاق میں ہماری حکومت بنی تو عوام کی آمدنی دگنی کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان میں 30 لاکھ گھر بنانا چاہتے ہیں، غربت سے مقابلہ کرنے کیلئے خواتین کو بلا سود قرضے دیں گے، کسانوں کیلئے ہاری کارڈ اور نوجوانوں کیلئے یوتھ کارڈ دیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بھوک مٹاؤ پروگرام کے تحت بھوک کا مقابلہ کریں گے، ہر ڈسٹرکٹ میں یونیورسٹیاں قائم کی جائیں گی، اشرافیہ سے سبسڈی ختم کی جائے گی۔
بلاول بھٹو نے صوبے کے عوام سے اپیل کہ مجھے بھاری اکثریت چاہیے، مخالف امیدوار جیت گئے تو میرے لیے کام کرنے میں مشکلات ہوں گی، میرے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے جتوائیں۔
بلاول کا کہنا تھا کہ لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کا دعویٰ کیا جاتا ہے، لیکن ہمارے یہاں تو نہ 2013 میں لوڈ شیڈنگ ختم ہوئی نہ اب ہوئی ہے۔