اسلام آباد بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیلیں دائر کردی گئیں اپیلیں سائفر کیس، توشہ خانہ کیس اور نکاح کیس میں دائر کی گئیں۔
تفصیلات کے مطابق سائفر، توشہ خانہ نیب کیسز میں بانی پی ٹی آئی کی سزا کے خلاف اپیلیں دائر کردی گئیں، دونوں کیسز میں سزا کے خلاف اسلام آباد ہائیکورٹ میں اپیلیں دائر کی گئیں۔
سردارلطیف کھوسہ ایڈووکیٹ نے اپیلیں دائر کرنے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سائفر کیس اورتوشہ خانہ کیس میں سزا کےخلاف اپیلیں دائرکیں جبکہ نکاح کیس کی اپیل سیشن کورٹ میں دائر کی ہے۔
آفیشل سیکرٹ ایکٹ کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی کو سائفر کیس میں 30 جنوری کو 14 سال قید سزا سنائی تھی جبکہ احتساب عدالت نے بانی پی ٹی آئی اوراہلیہ کو توشہ خانہ کیس میں 31جنوری کو 10 ، 10 سال کی سزا سنائی تھی۔
نکاح کیس کا فیصلہ 3 فروری کو سیشن عدالت نےسنایا تھا، جس میں بانی پی ٹی آئی اور ان کی اہلیہ کو 7، 7 سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔
واضح رہے کہ 10 فروری کو انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کے 12 مقدمات میں بانی پی ٹی آئی کی ضمانت منظور کرتے ہوئے مختلف مقدمات میں 1،1لاکھ اور 5،5 لاکھ کے مچلکےجمع کرانے کا حکم دیا تھا۔
انسداد دہشت گردی عدالت کی جانب سے تھانہ آر اے بازار ،تھانہ نیوٹاؤن سمیت 13مقدمات میں ضمانتیں منظور کی گئیں تھیں۔