اسلام آباد استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی نے جس سیاستدان کے کردار کو بُرا کہا کل اس کے پیروں میں بیٹھ گئی۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس میں استحکام پارٹی کے رہنما عون چوہدری نے کہا کہ چند روز سے ایسا ماحول پیدا کیا جارہا ہے جیسے ظلم کہیں اور مظلوم کوئی اور ہے، الیکشن میں کامیاب ہوا ہوں 9 فروری کو میرا نوٹی فکیشن بھی جاری ہواہے، میں نے الیکشن میں کامیابی حاصل کی ہے، اس کا تحفظ کروں گا۔
آئی پی پی رہنما عون چوہدری کہتے ہیں بانی پی ٹی آئی نے ساری زندگی ایک مہذب سیاستدان اور اس کے کردار کو بُرا کہا، جلسوں میں ان کے غلط نام لیے اور کل ان کی لیڈرشپ ان کے پیروں میں بیٹھ گئی۔
انہوں نے کہا کہ ابھی تو گھرکے بھیدی نے لنکا نہیں ڈھائی، جب یہ بھیدی بولے گا تو منہ چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی، آپ کے نام نہاد لیڈر کے کرتوت جانتا ہوں، ملک کی بات آئے گی تو قوم کو آپ کا چہرہ دکھاؤں گا۔
عون چوہدری نے کہا کہ ہمیں ملک میں رہنا ہے، جادو ٹونوں سے فیصلے نہیں کروانے، میں الیکشن جیت چکا ہوں اور اس کا تحفظ کروں گا، کل پریس کانفرنس کروں گا اور اہم کردار سامنے لاؤں گا۔