سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کا اب شارٹ فارم ہونا چاہیے، پنجاب کی ایم کیو ایم ‘ٹو ن لیگ کا یہ آخری اقتدار ہے، پیپلز پارٹی کا پورا جسم کڑاہی میں ہے۔
نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہر روز ایک لفافہ کھولتے ہیں لیکن انہیں لگتا ہے کہ آٹھ دن میں مخلوط حکومت بن جائے گی۔ سیاسی اور جمہوری طور پر یہ ڈیڈ ہیں، حالات اور واقعات کی وجہ سے لاکڈ بھی ہیں۔
فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ حکومت بنائیں گے اقتدار کے مزے بھی لیں گے، اقتدار کو نوچیں گے اور دبوچیں گے۔ ایکسپائرڈ لیڈروں کا تو آپ نے مزہ لے لیا ہے۔ قوم نے آپ کو بتادیا ہے کہ آپ کدھر کھڑے ہیں اور آپ کی اوقات کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ آپ ن لیگ کے لیے بار بار چلا رہے ہیں کہ کانٹوں کا تاج ان کے سر پر پہنا دیا ہے۔ کانٹوں کا تاج ان کے سر پر نہیں، ان کی کرسی پر رکھا اور کہا کہ اس پر بیٹھو، تو جھٹکا بھی آیا ہے اور چیخ بھی نکلی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا سر اور ساری انگلیاں، پورا جسم کڑاہی میں ہیں۔ ن لیگ پنجاب میں ایم کیو ایم ہو جائے گی، یہ ہر پرزے کے ساتھ لگیں گے، وہ تھوڑی دیر چلے گا، پھر بیٹھ جائے گا، ن لیگ کا تو یہ فیوچر ہے
فیصل واوڈا نے مزید کہا کہ اقتدار کی ریس سے پہلے فیز میں ن لیگ گئی ہے، پھر پی ٹی آئی ہے اور پھر پیپلز پارٹی ہے۔ یہ تین پارٹیاں ہیں، یہ تین فزل آﺅٹ فیزز میں ہیں۔ مولاجٹ کی سیاست نہیں چل سکتی۔ ان کے جھوٹے خواب، آئی لو یو، آئی لو یو ٹو والا نہیں چل سکتا۔