پیپلز پارٹی کے رہنما اور رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ نےاعتراف کیا ہے کہ ہم نے حکومت سازی کیلئے جمہوریت کو سامنے رکھتے ہوئے سب سے پہلے پی ٹی آئی سے رابطہ کیا تھا مگر انہوں نے انکار کر دیا۔
سندھ اسمبلی آمد کے موقع پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے پاس اس وقت جمہوریت کی چابی ہے، جسے ہم نے جمہوریت کے لیے استعمال کیا۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسلم لیگ (ن) کے ساتھ بغیر کسی لالچ کے بیٹھے ہیں، ہم وزارت عظمیٰ کے لیے ووٹ بھی دیں گے ، قانون سازی و دیگر معاملات میں بھی تعاون کریں گے مگر ہم وفاقی حکومت سے کوئی وزارت نہیں لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں اے این پی کس کے خلاف احتجاج کر رہی ہے، جی ڈی اے تو کبھی بھی ایک سیٹ سے زیادہ نہیں جیتی۔
خورشید شاہ نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کے نام پر غور ہو رہا ہے۔ عمران خان کی جانب سے آئی ایم ایف کو خط کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کو خط لکھنا اندرونی معاملات میں مداخلت ہے۔