سعودی عرب میں حرمین شریفین امور کی جنرل اتھارٹی نے مسجد الحرام میں رمضان پلان کے نفاذ کے بعد اس حوالے سے اہم تفصیلات جاری کردی ہیں۔
رمضان پلان 1445ھ کے تحت مسجد الحرام کی صفائی کے وقت اس بات کا خاص خیال رکھا جاتا ہے کہ اطراف کا ماحول صحت مند اور محفوظ رہے۔
اتھارٹی کے ترجمان انجینئر ماہر بن منسی الزاہرانی نے بتایا کہ صفائی کارکنان اور سپروائزرز کو اس حوالے سے خصوصی ٹریننگ دی گئی ہے۔
ترجمان کا کہنا تھا کہ زائرین کی آمد ورفت کو محفوظ اور منظم بنانے کیلیے داخلی اور خارجی راستوں پر ایک ہزار مختلف رنگوں کی مضبوط پلاسٹک واک شیٹس بچھائی گئی ہیں۔
رمضان میں زائرین کسوہ کمپلیکس بھی جاسکتے ہیں، جس کے لئے اوقات مقرر کردیئے گئے ہیں۔ شاہ فہد گیٹ کی دوسری منزل پر حرم شریف لائبریری کا دن میں کسی بھی وقت وزٹ کیا جاسکتا ہے۔