مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کی ضمانت پر رہائی کی درخواست کی سماعت کرنے والے بینچ کے خلاف نیب کی درخواست قابل سماعت ہونے یا نہ ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔
چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ سردار محمد شمیم خان نے نیب کی درخواست پر سماعت کی۔
نیب نے مؤقف اختیار کیا کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت پر جسٹس ملک شہزاد کی سربراہی میں 2 رکنی بینچ سماعت کررہا ہے اور موجودہ بینچ درخواست ضمانت پر سماعت نہیں کرسکتا۔
نیب نے عدالت نے استدعا کی کہ شہباز شریف کی درخواست ضمانت جسٹس علی باقر نجفی پر مشتمل بینچ کو بھجوائی جائے۔
نیب کا کہنا ہے کہ جسٹس علی باقر نجفی کی سربراہی میں بینچ شریک ملزموں کی ضمانت کی درخواستیں مسترد کرچکا ہے۔
یاد رہے کہ نیب نے قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف اور مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف کو آشیانہ اقبال ہاؤسنگ اسکینڈل میں اختیارات کے ناجائز استعمال کے جرم میں گرفتار کیا تھا اور وہ عدالتی ریمانڈ پر جیل میں ہیں۔