ملتان: پیپلز پارٹی نے وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے درخواست دے دی۔
پیپلز پارٹی نے شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کے لیے ملتان کے تھانہ مظفر آباد میں درخواست جمع کرا دی۔ درخواست پیپلز پارٹی کے کارکن محمد یاسین کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔
تھانہ میں دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ شیخ رشید نے بلاول بھٹو کو قتل کی دھمکیاں دی ہیں، اس حوالے سے شیخ رشید کو گرفتار کر کے پوچھ گچھ کی جائے۔
درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہمارے قائدین بے نظیر بھٹو اور ذوالفقار علی بھٹو کو بھی قتل کی دھمکیاں دی گئی تھیں۔
پیپلز پارٹی کی جانب سے راولپنڈی میں بھی آج شیخ رشید کے خلاف مقدمہ درج کرانے کا اعلان کیا گیا ہے جب کہ کراچی میں شیخ رشید کے خلاف بینرز بھی آویزاں کر دیے گئے ہیں۔