وزیراعظم عمران خان کی دعوت پرملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد آج وفاقی دارالحکومت اسلام آباد پہنچیں گے۔ معزز مہمان اپنے تین روزہ دورے کے دوران یوم پاکستان کے حوالے سے 23 مارچ کو منعقد ہونے والی پریڈ میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کریں گے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کا اسلام آباد پہنچنے پراستقبال وزیراعظم عمران خان خود کریں گے۔
پاکستانی دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم اپنے دورے میں صدر ڈاکٹر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔
عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹر مہاتیر محمد کے ہمراہ سرمایہ کاروں اور تاجروں کا ایک اعلیٰ سطحی وفد بھی پاکستان آرہا ہے جو پاکستان میں قیام کے دوران سرمایہ کاری اور تجارت کے فروغ کے امکانات کا جائزہ لے گا۔
خبررساں ادارے کے مطابق پاکستان اور ملائیشیا کے مابین تجارت، سرمایہ کاری اوردفاعی امور کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے حوالے سے اہم پیشرفت ممکن ہے۔
ملائیشیا کے وزیراعظم ڈاکٹرمہاتیر محمد 21 سے 23 مارچ تک کے دوران پاکستان میں قیام کریں گے۔ انہیں دورے کی دعوت وزیراعظم نے دی تھی۔